ریاست میں عنقریب فوڈ کمیشن کا قیام :دنیش گنڈو راؤ
بنگلورو۔13؍جون(ایس او نیوز/عبدالحلیم منصور) ریاستی وزیر برائے شہر رسد وخوراک دنیش گنڈو راؤ نے آج بتایاکہ راشن کارڈ سے آدھار کارڈ کو جوڑنے کی میعاد میں اس ماہ کے آخرتک توسیع کی گئی ہے۔اگر اس کے بعد بھی یہ عمل پورا نہیں کیاگیا تو راشن کی فراہمی کا سلسلہ بند کردیا جائے گا۔ اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ راشن کارڈ کو آدھار سے جوڑنے کیلئے 15جون آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی ، جس میں اواخر ماہ تک توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 87 فیصد لوگوں نے اپنے راشن کارڈوں سے آدھار کارڈ سے جوڑنے کا کام مکمل کرلیا ہے، جس میں 60 فیصد کی جانچ بھی مکمل کرلی گئی ہے۔ ان کے مطابق بوگس راشن کارڈوں کے خاتمے کے مقصد سے ایسے کارڈوں کی تفصیل بتانے والوں کو نقد انعام دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ جس کے تحت فی بوگس کارڈ کی نشاندہی پر چار سو روپے انعام دیا جائے گا۔کالا بازاری پر قابو پانے کے مقصد سے اس کی تفصیلات فراہم کرنے والوں کو ضبط شدہ اناج کی قیمت میں سے پانچ فیصد رقم بطور انعام دی جائے گی اور اطلاع دینے والے کا نام راز میں رکھا جائے گا۔ یہ نظام راشن اکرڈوں کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد رائج کیا جائے گا۔ ہر راشن ڈپو کی حدود میں تین افراد پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اناج کے معیار کے علاوہ غیر قانونی فروخت پر نظر رکھیں گے۔ مسٹر دنیش نے بتایاکہ قومی غذائی تحفظ قانون کے تحت ریاست میں فوڈ کمیشن کے قیام کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ جس کیلئے کابینہ کی منظوری کے بعد سرکیولر بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت ایک چیرمین ، چھ اراکین اور ایک ممبر سکریٹری کا تقرر عمل میں آئے گا۔ اور اگلے تین ماہ میں اس عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔ ان تقررات سے متعلق وزیر اعلیٰ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں اسمبلی اسپیکر ، قانون ساز کونسل کے چیرمین اور اپوزیشن لیڈران شامل رہیں گے۔ ضلعی سطح پر بھی کمیشن کے افسران موجود رہیں گے۔ جو اناج کے معیارسے متعلق کمیشن کو رپورٹ پیش کریں گے۔خاطی افسران کے خلاف پانچ ہزار روپیوں تک کا جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ کمیشن کو سنوائی کا اختیار بھی حاصل رہے گا۔